بھٹکل:28/ڈسمبر(ایس او نیوز) کارواراینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) کے افسران نے میونسپل چیف آفیسر دفتر پر چھاپہ مارتے ہوئے چیف آفیسررمیش کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا، یہ واردات بدھ کی شام کو پیش آئی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو کے قیام کے بعد بتایا جارہا ہے کہ ضلع اُترکنڑا میں چھاپہ مارکر کسی آفسر کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرنے کا یہ پہلا معاملہ ہے۔
چھاپہ کے دوران اے سی بی کے آفیسران نے ملزم چیف آفیسر سے 2، 2 ہزار کے 2 نئے نوٹ ضبط کرلئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نوائط کالونی میں واقع سید اسماعیل برماور کے زیر تعمیر مکان کے لئے پانی کا پائپ لائن جوڑنے کے لئے کنٹریکٹر جگدیش نے 22ْ ڈسمبر کوعرضی داخل کی تھی، اگلے روز یعنی 23/ ڈسمبر کو مبینہ طور پر بلدیہ چیف آفسر نے کنکشن دینے کے لئے چار ہزار روپئے کا مطالبہ کیا۔ جگدیش نائک نے آج بدھ صبح کاروار پہنچ کر اینٹی کرپشن بیورو کو واقعے کی جانکاری دی، جس کی شکایت ملتے ہی اینٹی کرپشن بیورو کے آفسران نے رنگے ہاتھوں چیف آفسر کو گرفتار کرنے کا پلان بنایا اور متعلقہ رقم چیف آفسر کو دینے کی ہدایت دی، آج شام قریب پانچ بجے جیسے ہی یہ رقم چیف آفسر کے ہاتھ میں تھمائی گئی، اے سی بی نے دھاوا بول دیا اور متعلقہ نوٹوں کو برآمد کرتے ہوئے کیمیکل کی مدد سے نوٹوں کی جانچ کی گئی، جس کے بعد چیف آفسر کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے سی بی کے آفسران نے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ چیف آفسر کو اب کاروار سیشن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
بھٹکل چیف آفسر ایم جی رمیش کا تعلق مرکارہ سے ہے وہ قریب چھ ماہ قبل ہی چامراج نگرمیونسپل کونسل سے بھٹکل میونسپل کونسل میں ٹرانسفر ہوئے تھے۔ ان کے تعلق سے مقامی لوگوں میں مثبت رائے پائی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بھٹکل میونسپالٹی میں رشوت لینے والے بڑے بڑے مگرمچھ موجود ہیں، مگر اُن کے خلاف شکایت دینے کے بائوجود کاروائی نہیں ہوتی، مگر چھوٹی چھوٹی مچھلیوں کا جلد ہی شکار کیا جاتا ہے۔
آج کی کاروائی میں کاروار کے اے سی بی انسپکٹر وشوناتھ پربھو، رمیش اور عملہ راجیش ، ہریش ، گجیندر، شیوکمار ، محبوب علی شریک تھے۔